ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / پنتھرس پارٹی سپریمو نے فلسطینی صدر کا استقبال کیا

پنتھرس پارٹی سپریمو نے فلسطینی صدر کا استقبال کیا

Mon, 15 May 2017 22:22:40    S.O. News Service

نئی دہلی،15/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)فلسطین کے صدر ڈاکٹر محمود عباس جو گزشتہ روز چار دن کے ہندستانی دورہ پر آئے ہیں ان کا دہلی میں پروفیسر بھیم سنگھ نے گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیا۔پروفیسر بھیم سنگھ ہند۔فلسطین فرینڈشپ کمیٹی کے صدر بھی ہیں اور فلسطین کے رہنما جناب یاسر عرفات کے 1968سے 2004تک اچھے دوست رہے۔ فلسطین کے صدر نے آج دہلی کے اسلامک سنٹر میں خصوصی اجلاس سے خطاب بھی کیا۔پروفیسر بھیم سنگھ نے ڈاکٹر محمود عباس کو ایک تحفہ پیش کیا جس پر مہاتما گاندھی کی جانب سے 1938میں کہی گئی بات تحریر ہے جو مہاتما گاندھی نے اپنے میگزین ’دی ہریجن‘  میں لکھی تھا۔ مہاتما گاندھی نے 1938میں کہا تھا کہ فلسطین فلسطنیوں کا ہے جس طرح سے برطانیہ انگریزوں کا ہے اور فرانس فرانسسیوں کا اسی طرح فلسطین بھی فلسطینی عربوں کا ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ فلسطین کی آزادی کی تحریک چلانے والی تنظیم ’پی ایل او‘ سے 1968سے وابستہ ہیں۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے فلسطین میں دو برس تک فلسطنیوں کے جدوجہد کی حمایت میں بھی گزارے ہیں اور فلسطینی تحریک کے بانی یاسر عرفات سے ان کے آخری دنوں تک قریبی تعلقات تھے یہاں تک کہ پروفیسر بھیم سنگھ 2002میں اسرائیلی ویزا لیکر رام اللہ میں یاسر عرفات کی عیادت کے لئے بھی گئے تھے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے فلسطین کے صدر ڈاکٹر محمود عباس کو ہندستانی عوام کی طرف سے پورا یقین دلایا کہ ہندستان فلسطینی عوامی کے ساتھ تھا ہے اور رہے گا۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ نیشنل پنتھرس پارٹی جس کی بنیاد پروفیسربھیم سنگھ نے 1982میں رکھی تھی اس کا بھی پہلا ایجنڈہ فلسطینی ریاست کی بنیاد اقوام متحدہ کی قرار داد نمبر 181پر ہی رکھے جانا ہے۔ انہوں نے اسرائیل کے ذریعہ اقوام متحدہ کے فلسطین سے متعلق قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے کی سخت مذمت کی اور حکومت ہند سے پرزور اپیل کی کہ وہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 181کے مطابق مکمل خودمختاری دلانے کے لئے دنیا میں فلسطین کی حمایت کرے۔


Share: